منگلورو،5؍مئی (ایس او نیوز) کچھ لوگوں نے پولیس افسروں کا بھیس بدل کر ایک اسکوٹر سوار کی تلاشی لی اور اس کے پاس موجود2.25 لاکھ روپے کی نقد رقم بڑی چالاکی کے ساتھ اڑالے گئے۔
بتایاجاتا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں یعقوب نامی شخص اسکوٹر پر سوار ہوکر اپنے گھر کی طرف جارہاتھا تو مشن اسٹریٹ کے پاس ایک کار میں آنے والے چار افراد نے اس کا راستہ روکا اور اپنے آپ کو سٹی کرائم برانچ کے افسران کے طور پر متعارف کیا۔ پھر انہوں نے یعقوب کے پاس سے اس کے دونوں موبائل فون اپنے قبضے میں لیے اور اسے دور سامنے والی دکان میں جاکر بیٹھنے کو کہا۔ پھر انہوں نے اس کے موبائلس کی جانچ کرنے اوراسکوٹرکی تلاشی کا ناٹک کیا۔ تھوڑی دیر بعد یعقوب کو واپس بلاکر اسے فون لوٹائے بغیرگھر چلے جانے کے لئے کہا۔
یعقوب جوکہ شہر میں ایک پان مسالہ کی دکان چلا تا ہے، جب گھر پہنچ کر اپنے اسکوٹر میں رکھی گئی 2.25 لاکھ روپے کی رقم نکالنے کی کوشش کی تو وہ رقم وہاں موجود نہیں تھی۔ پھر جب اس نے مشن اسٹریٹ پر واپس آکر اس علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج چیک کیا تو اس سے معلوم ہوا کہ پولیس کے بھیس میں اسے روکنے والے دھوکہ بازوں نے وہ رقم اسکوٹر سے نکال کر اپنی کار میں رکھ لی اور وہاں سے فرار ہوگئے ہیں۔
بندر پولیس اسٹیشن میں یعقوب کی طرف سے شکایت درج کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔